کورونا وائرس: کراچی میں مزید 3 کیسز کی تصدیق، ملک میں مجموعی تعداد 310 ہوگئی

Urdu News


پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 310 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز  کورونا وائرس سے 2 ہلاکتیں ہوئیں جن میں ایک مردان اور دوسری پشاور میں ہوئی۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 211 ہوگئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ تین کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جو مقامی لوگ ہیں، متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہنے والے افراد میں بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سکھر میں 151، کراچی میں 59 اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس ہے۔

سندھ میں آج سے سرکاری دفاتر  بند رکھنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات کو 15 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سکھر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق تفتان سے مزید زائرین کو قرنطینہ سینٹر لایا گیا ہے جہاں زائرین کی تعداد 1050 ہوگئی ہے جب کہ کراچی سے ماہرڈاکٹروں کی ٹیم قرنطینہ سینٹرپہنچ گئی۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا ہےکہ تفتان بارڈر سے آئے مسافروں کی اسکریننگ کاعمل جاری ہے۔

انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے تحت سکھر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور چائے خانے بند کرادیے ہیں۔

لاہور میں کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز کی تصدیق  کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا پانچوں افراد لاہور کے میو اسپتال میں زیر نگرانی تھے اور ان کا کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا جس کے بعد مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ 5 مریضوں میں پیپلز پارٹی کے مرحوم سینیٹر کی بیٹی بھی شامل ہیں جو چند روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں۔

پنجاب میں سرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعدادکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ صوبے میں دکانیں آج رات 10 بجے بند کردی جائیں گی، اس کے علاوہ شاپنگ مالز اور ریسٹورینٹس بھی رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے تاہم میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

ریسکیو 1122 نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن 1190 قائم کر دی جس کا باقاعدہ افتتاح آج کر دیا جائے گا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کورونا وائرس جیسی علامات محسوس کرنے پر شہری ہیلپ لائن 1190 پر رابطہ کر سکیں گے، ہیلپ لائن کی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے، آج اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن کا مقصد کورونا سے بچاو کے لیے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

گزشتہ روز ضلع بونیر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

ڈی سی بونیر محمد خالد خان کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ شخص کو ڈگر اسپتال آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، متاثرہ شخص ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات سے آیا تھا۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 15 ہوگئی ہے۔

 اسلام آباد میں 4 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کےبعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام بڑے شاپنگ مالز ،ریسٹورینٹس  اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے سے کورونا فنڈ قائم کردیا جب کہ وزرا، اراکین اسمبلی  اور ملازمین اپنی تنخواہیں عطیہ کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments